Best 40 Rewarding Hadith Quotes
Discover the best 40 rewarding Hadith quotes curated to inspire spiritual growth and reflection. These Hadiths, selected for their profound wisdom and practical insights from the Prophet Muhammad (peace be upon him), offer timeless guidance on faith, morality, compassion, and perseverance. Whether you seek motivation or clarity in Islamic teachings, explore these enriching quotes that resonate across generations. Dive into this collection to enrich your spiritual journey and gain valuable lessons for everyday life.
For More Quotes, Please Click Here
معرور بن سوید نے کہا : میں نے حضرت ابوذر رضی اللہ عنہ کو نبی ﷺ سے حدیث بیان کرتے ہوئے سنا کہ آپ ﷺ نے فرمایا : میرے پاس جبریل علیہ السلام آئے اور مجھے خوش خبری دی کہ آپ کی امت کا جو فرد اس حالت میں مرے گا کہ اس نے اللہ کے ساتھ کسی کو شریک نہیں ٹھہرایا ، وہ جنت میں داخل ہو گا ۔ میں ( ابوذر ) نے کہا : چاہے اس نے زنا کیا ہو اور چوری کی ہو ؟ آپ ﷺ نے فرمایا : اگرچہ اس نے زنا کیا ہو اور چوری کی ہو ۔
صحيح مسلم:272
قاسم بن محمد نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی ، انھوں نے کہا : رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :اللہ تعالیٰ کے ہاں محبوب ترین کام وہ ہے جس پر ہمیشہ عمل کیا جائے ، اگرچہ وہ قلیل ہو ۔
صحيح مسلم:1830
رسول اللہ ﷺ نے فرمایا اللہ تعالیٰ کے ننانوے نام ہیں ، جو انہیں یاد کر لے گا وہ جنت میں جائے گا ۔
صحيح بخارى:7392
حضرت ابوہریرہ سے مروی ہے ، نبی ﷺ نے فرمایا : جو شخص مجھ پر ایک دفعہ درود پڑھے گا ، اللہ تعالیٰ اس پر دس دفعہ رحمت نازل فرمائے گا
سنن النسائى :1297
حضرت عقبہ بن عامر جہنی رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :جو کوئی وضو کرے اور اچھا وضو کرے پھر دو رکعتیں پڑھے اور وہ اپنے دل اور چہرے سے ان ہی پر متوجہ رہے ، تو اس کے لیے جنت واجب ہو گئی ۔
سنن ابي داود:906
حضرت ابوسعید خدری رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا : جماعت کے ساتھ نماز پچیس نمازوں کے برابر ہوتی ہے ۔ اور جب کوئی شخص بیابان میں نماز پڑھتا ہے اور اس کے رکوع اور سجود کو کامل کرتا ہے تو اس کا ثواب پچاس نمازوں تک پہنچ جاتا ہے
سنن ابی داود:560
رسول اللہ صلی الله علیہ وسلم نے فرمایا: جو عشاء کی جماعت میں حاضر رہے گا تو اسے آدھی رات کے قیام کا ثواب ملے گا اور جو عشاء اور فجر دونوں نمازیں جماعت سے ادا کرے گا، اسے پوری رات کے قیام کا ثواب ملے گا
سنن الترمذی:221
رسول اللہ ﷺ نے فرمایا جب تک تم اپنے مصلے پر جہاں تم نے نماز پڑھی تھی ، بیٹھے رہو اور ریاح خارج نہ کرو تو ملائکہ تم پر برابر درود بھیجتے رہتے ہیں ۔ کہتے ہیں ’’ اے اللہ ! اس کی مغفرت کیجیئے ، اے اللہ ! اس پر رحم کیجیئے
صحیح بخاری:445
رسول اللہ صلی الله علیہ وسلم نے فرمایا: جو بارہ رکعت سنت پر مداومت کرے گا اللہ اس کے لیے جنت میں ایک گھر بنائے گا: چار رکعتیں ظہر سے پہلے ، دو رکعتیں اس کے بعد، دو رکعتیں مغرب کے بعد، دو رکعتیں عشاء کے بعد اور دو رکعتیں فجر سے پہلے۔
سنن الترمذی:414
سیدہ ام حبیبہ رضی اللہ عنہا زوجہ نبی ﷺ نے کہا کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا : جو شخص ظہر سے پہلے اور اس کے بعد چار چار رکعتوں کی پابندی کرے گا ، وہ آگ پر حرام کر دیا جائے گا
سنن ابی داود:1269
حضرت تمیم داری ؓ سے مروی ہے کہ نبی ﷺ نے ارشاد فرمایا جو شخص ایک رات میں سو آیتیں پڑھ لے، اس کے لئے ساری رات عبادت کا ثواب لکھا جائے گا۔
مسند احمد:16347
رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ ہمارا پروردگار بلند برکت والا ہے ہر رات کو اس وقت آسمان دنیا پر آتا ہے جب رات کا آخری تہائی حصہ رہ جاتا ہے ۔ وہ کہتا ہے کوئی مجھ سے دعا کرنے والا ہے کہ میں اس کی دعا قبول کروں ، کوئی مجھ سے مانگنے والا ہے کہ میں اسے دوں کوئی مجھ سے بخشش طلب کرنے والا ہے کہ میں اس کو بخش دوں صحیح بخاری:1145
حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا : جس آدمی کی کوئی مقرر شدہ نماز ہو جسے وہ لازماً رات کو پڑھتا ہو لیکن کسی دن ( اتفاقاً ) وہ سویا رہا ( اور اسے نہ پڑھ سکا ) تو نیند اس کے لیے صدقہ ہو گی جو اللہ تعالیٰ نے اس پر کیا ہے اور وہ اس کے لیے اس کی ( مقررہ ) نماز کا ثواب لکھے گا ۔
سنن النسائی:1786
حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نے کہا : رسول اللہ ﷺ نے فرمایا : جو شخص جنازے میں شریک رہا یہاں تک کہ نماز جنازہ ادا کر لی گئی تو اس کے لیے ایک قیراط ہے اور جو اس ( جنازے ) میں شریک رہا حتیٰ کہ اس کو دفن کر دیا گیا تو اس کے لیے دو قیراط ہیں ۔ پوچھا گیا : دو قیراط سے کیا مراد ہے ؟ آپ ﷺ نے فرمایا :دو بڑے پہاڑوں کے مانند ۔
صحیح مسلم: 2189
حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا : جب انسان فوت ہو جائے تو اس کا عمل منقطع ہو جاتا ہے سوائے تین اعمال کے ( وہ منقطع نہیں ہوتے ) : صدقہ جاریہ یا ایسا علم جس سے فائدہ اٹھایا جائے یا نیک بیٹا جو اس کے لیے دعا کرے
صحیح مسلم:4223
حضرت بریدہ ؓ سے مروی ہے کہ نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا انسان جو بھی صدقہ نکالتا ہے وہ اسے ستر شیطانوں کے جبڑوں سے چھڑا دیتا ہے۔
مسند احمد:21888
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جس نے ایمان کے ساتھ اور ثواب کی نیت سے رمضان کے روزے رکھے اور اس کی راتوں میں قیام کیا تو اس کے سابقہ گناہ بخش دئیے جائیں گے۔ اور جس نے ایمان کے ساتھ اور ثواب کی نیت سے شب قدر میں قیام کیا تو اس کے بھی سابقہ گناہ بخش دئیے جائیں گے
سنن الترمذی:683
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جس نے کسی روزہ دار کو افطار کرایا تو اسے بھی اس کے برابر ثواب ملے گا، بغیر اس کے کہ روزہ دار کے ثواب میں سے ذرا بھی کم کیا جائے۔
سنن الترمذی:807
میں نے نبی کریم ﷺ سے سنا ‘ آپ فرماتے تھے کہ جس نے اللہ تعالیٰ کے راستے میں ایک دن بھی روزہ رکھا اللہ تعالیٰ اسے جہنم سے ستر سال کی مسافت کی دوری تک دور کر دے گا ۔
صحیح بخاری:2840
نبی ﷺ نے فرمایا : جو شخص سچے دل سے اللہ سے شہادت مانگے ، اللہ اسے شہداء کے مراتب تک پہنچا دیتا ہے ، چاہے وہ اپنے بستر ہی پر کیوں نہ فوت ہو ۔
صحیح مسلم:4930
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جو شخص کسی تنگ دست ( قرض دار ) کو مہلت دے یا اس کا کچھ قرض معاف کر دے، تو اللہ اسے قیامت کے دن اپنے عرش کے سایہ کے نیچے جگہ دے گا جس دن اس کے سایہ کے علاوہ کوئی اور سایہ نہ ہو گا۔
سنن الترمذی:1306
نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جو بھی مسلمان کوئی درخت لگاتا ہے یا فصل بوتا ہے اور اس میں سے انسان یا پرند یا چرند کھاتا ہے تو وہ اس کے لیے صدقہ ہوتا ہے۔
سنن الترمذی:1382
رسول اللہ ﷺ نے فرمایا میرے لیے جو شخص دونوں جبڑوں کے درمیان کی چیز ( زبان ) اور دونوں ٹانگوں کے درمیان کی چیز ( شرمگاہ ) کی ذمہ داری دے دے میں اس کے لیے جنت کی ذمہ داری دے دوں گا ۔
صحیح بخاری:6474
آپ ﷺ نے فرمایا : جو قوم بھی اللہ عزوجل کو یاد کرنے کے لیے بیٹھتی ہے ، ان کو فرشتے گھیر لیتے ہیں ، رحمت ڈھانپ لیتی ہے اور ان پر اطمینان قلب نازل ہوتا ہے اور اللہ ان کا ذکر ان میں کرتا ہے جو اس کے پاس ہوتے ہیں ۔
صحیح مسلم:6855
رسول اللہ ﷺ نے فرمایا جس نے سبحان الله وبحمده دن میں سو مرتبہ کہا ، اس کے گناہ معاف کر دئیے جاتے ہیں ، خواہ سمندر کی جھاگ کے برابر ہی کیوں نہ ہوں ۔
صحیح بخاری:6405
عثمان بن غیاث نے کہا : ہمیں ابوعثمان نے حضرت ابوموسی اشعری رضی اللہ عنہ سے روایت کی ، کہا : رسول اللہ نے مجھ سے فرمایا : کیا میں تمہیں جنت کے خزانوں میں سے ایک کلمہ نہ بتاؤں ؟ یا فرمایا : جنت کے خزانوں میں سے ایک خزانے کا پتہ نہ بتاؤں ؟ میں نے عرض کی : کیوں نہیں ( ضرور بتائیں ) ، آپ ﷺ نے فرمایا :
لا حول ولا قوة الا بالله
صحیح مسلم:6868
میں اور یتیم کی پرورش کرنے والا جنت میں اس طرح ہوں گے اور آپ ﷺ نے شہادت اور درمیانی انگلیوں کے اشارہ سے ( قرب کو ) بتایا ۔
صحیح بخاری:6005
سیدنا ابوامامہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں رسول اللہ ﷺ نے فرمایا : میں ذمہ دار ہوں ایک محل کا جنت کی ایک جانب میں اس شخص کے لیے جو جھگڑا چھوڑ دے ‘ اگرچہ حق پر ہو ۔ اور ایک محل کا ‘ جنت کے درمیان میں ‘ اس شخص کے لیے جو جھوٹ چھوڑ دے ‘ اگرچہ مزاح ہی میں ہو ‘ اور جنت کی اعلی منازل میں ایک محل کا ‘ اس شخص کے لیے جو اپنے اخلاق کو عمدہ بنا لے
سنن ابی داود:4800
نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جو شخص اپنے بھائی کی عزت ( اس کی غیر موجودگی میں ) بچائے اللہ تعالیٰ قیامت کے دن اس کے چہرے کو جہنم سے بچائے گا
سنن الترمذی:1931
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:رحمن کی عبادت کرو، کھانا کھلاؤ اور سلام کو عام کرو اور اسے پھیلاؤ، جنت میں سلامتی کے ساتھ داخل ہو گے
سنن الترمذی:1855
حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا : ایک شخص راستے پر چلا جا رہا تھا ، اس نے راستے پر ایک کانٹے دار ٹہنی دیکھی تو اسے ( ایک طرف ) ہٹا دیا ۔ اللہ تعالیٰ نے اسے اس کا انعام دیا تو اس کی بخشش فرما دی
صحیح مسلم:6669
حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ نے کہا ، میں رسول اللہ ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوا تو آپ کو بخار آیا ہوا تھا میں نے اپنے ہاتھ سے آنحضرت ﷺ کا جسم چھوا اور عرض کیا : یا رسول اللہ ! آپ کو تو بڑا تیز بخار ہے ۔ آنحضرت ﷺ نے فرمایا ہاں مجھے تم میں کے دو آدمیوں کے برابر بخار چڑھتا ہے ۔ میں نے عرض کیا یہ اس لیے ہو گا کہ آنحضرت ﷺ کو دگنا اجر ملتا ہے ۔ آپ نے فرمایا کہ ہاں اس کے بعد آنحضرت ﷺ نے فرمایا کہ کسی بھی مسلمان کو مرض کی تکلیف یا کوئی اور کوئی تکلیف ہوتی ہے تو اللہ تعالیٰ اس کے گناہوں کو اس طرح گراتا ہے جیسے درخت اپنے پتوں کو گرا دیتا ہے
صحیح بخاری:5660
رسول اللہ ﷺ نے فرمایا : ایک مومن کو کوئی کانٹا نہیں چبھتا یا اس سے زیادہ کوئی تکلیف نہیں ہوتی مگر اللہ تعالیٰ اس سے اس کا ایک درجہ بلند کر دیتا ہے یا اس کی بنا پر اس کا ایک گناہ مٹا دیتا ہے ۔
صحیح مسلم:6562
حضرت علی رضی اللہ عنہ سے روایت ہے ، انہوں نے فرمایا : میں نے رسول اللہ ﷺ سے سنا کہ آپ نے فرمایا : جو شخص اپنے مسلمان بھائی کے پاس عیادت کے لیے آتا ہے تو وہ مریض کے پاس آ کر بیٹھنے تک جنت کے پھل چنتا آتا ہے ۔ جب وہ بیٹھ جاتا ہے تو اس پر رحمت سایہ فگن ہو جاتی ہے ۔ اگر ( عیادت ) صبح کے وقت ہو تو شام تک ستر ہزار فرشتے اسے دعائیں دیتے رہتے ہیں اور اگر شام کا وقت ہو تو صبح تک ستر ہزار فرشتے اسے دعائیں دیتے رہتے ہیں ۔
سنن ابن ماجہ:1442
میں نے رسول اللہ ﷺ سے سنا ، آپ نے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے کہ جب میں اپنے کسی بندہ کو اس کے دو محبوب اعضاء ( آنکھوں ) کے بارے میں آزماتا ہوں ( یعنی نابینا کر دیتا ہوں ) اور وہ اس پر صبر کرتا ہے تو اس کے بدلے میں اسے جنت دیتا ہوں ۔
صحیح بخاری:5653
رسول کریم ﷺ نے فرمایا ایک مسلمان دوسرے مسلمان کا بھائی ہے ، پس اس پر ظلم نہ کرے اور نہ ظلم ہونے دے ۔ جو شخص اپنے بھائی کی ضرورت پوری کرے ، اللہ تعالیٰ اس کی ضرورت پوری کرے گا ۔ جو شخص کسی مسلمان کی ایک مصیبت کو دور کرے ، اللہ تعالیٰ اس کی قیامت کی مصیبتوں میں سے ایک بڑی مصیبت کو دور فرمائے گا ۔ اور جو شخص کسی مسلمان کے عیب کو چھپائے اللہ تعالیٰ قیامت میں اس کے عیب چھپائے گا ۔ صحیح بخاری: 2442
حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت ہے ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا : جو شخص اللہ تعالیٰ سے تین بار جنت مانگتا ہے ، جنت ( اس کے حق میں دعا کرتے ہوئے ) کہتی ہے : یا اللہ ! اسے جنت میں داخل فرما دے ۔ اور جو کوئی تین بار ( جہنم کی ) آگ سے پناہ مانگتا ہے ، جہنم ( اس کے حق میں دعا کرتے ہوئے ) کہتی ہے : یا اللہ ! اسے آگ سے محفوظ فرما ۔
سنن ابن ماجہ:4340
حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ جس کی ایذا رسانی سے اس کے پڑوسی محفوظ نہ ہوں ، وہ جنت میں نہیں جائے گا
صحیح مسلم: 172

حضرت معاذ بن جبل رضی اللہ عنہ سے روایت ہے ‘ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ جس کی آخری بات
لا اله الا الله
ہو وہ جنت میں داخل ہو گا
سنن ابی داود:3116